دبئی،5جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات نے بھی دوحہ سے اپنے سفارتی تعلقات کے خاتمے سمیت متعدد دیگر اقدامات اٹھاتے ہوئے قطری سفارتکاروں کو 48گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔یو اے ای کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ خطے کے امن اور سلامتی کو خطرات سے دوچار کرنے کی قطری پالیسی کے تناظر میں اٹھایا ہے کیونکہ دوحہ ایک مدت سے ایسا کھیل کھیل رہا ہے کہ جس میں وہ اپنی ان ذمہ داروں اور دوطرفہ معاہدوں کا پاس نہ کر رہا جو اس نے برادر قطری عوام اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے مفاد میں کر رکھے ہیں۔ سعودی عرب، بحرین سمیت متعدد دوسرے ملکوں کی جانب سے جاری ہونے والے حالیہ بیانات کی حمایت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات مندرجہ ذیل اقدامات کا اعلان کرتا ہے:
(1) قطر سے تمام قسم کے سفارتی ختم کر دیے گئے ہیں۔ قطری سفارتکاروں کو ہم نے اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے اندر یو اے ای چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔(2)قطری شہریوں کو یو اے ای آنے اور یہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ امارات میں رہائش پذیر تمام قطری شہریوں کو ہفتوں کے اندر اندر ملک چھوڑنا ہو گا۔ ہم نے یہ اقدام اپنی سیکیورٹی اور احتیاط کے پیش نظر اٹھایا ہے۔ نیز ہم نے اپنے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ قطر میں رہائش، سفر اور وہاں سے گزرنے سے گریز کریں۔(3)اگلے 24گھنٹوں کے اندر اندر قطر سے یو اے ای آنے اور جانے والی تمام قسمی ٹریفک بند کر دی جائے گی اسمقصد کے لئے یو اے ای نے اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امارات کی سلامتی کے پیش نظر ہم نے ہمسایہ ملکوں سمیت متعدد اداروں اور کمپنیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ یو اے ای کے ان فیصلوں کے فوری نفاذ میں مدد کے لئے تعاون فراہم کریں۔